مندرجہ ذیل حوالہ پڑھیں یا سنیں
حُضُور یِسوعؔ کا ایک بدرُوح گرفت کو بحال کرنا
5:1یِسوعؔ جھیل کے پار گِراسینیوں کے علاقہ میں پہُنچے۔ 2جَب وہ کشتی سے اُترے، ایک آدمی جِس میں بدرُوح تھی قبر سے نکل کر آپ کے پاس آیا۔ 3یہ آدمی قبروں میں رہتا تھا، اَور اَب اُسے زنجیروں میں باندھنا بھی ناممکن ہو گیا تھا۔ 4کیونکہ پہلے کیٔی بار وہ بِیڑیوں اَور زنجیروں سے جکڑا گیا تھا، لیکن وہ زنجیروں کو توڑ ڈالتا اَور بِیڑیوں کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا تھا۔ اَور کویٔی اُسے قابُو میں نہ لا سَکتا تھا۔ 5وہ دِن رات قبروں اَور پہاڑوں میں برابر چیختا چِلّاتا رہتا تھا اَور اَپنے آپ کو پتھّروں سے زخمی کر لیتا تھا۔6جَب بدرُوح نے دُور سے یِسوعؔ کو دیکھا، تو دَوڑکر آپ کے پاس پہُنچی اَور آپ کے سامنے سَجدہ میں گِر کر 7چِلّا چِلّاکر کہا، ”اَے یِسوعؔ خُداتعالیٰ کے بیٹے، آپ کو مُجھ سے کیا کام، آپ کو خُدا کی قَسم؟ مُجھے عذاب میں نہ ڈالیں!“ 8بات دراصل یہ تھی کہ آپ نے اُس سے کہاتھا، ”اَے بدرُوح، اِس آدمی میں سے باہر نکل آ!“
9آپ نے بدرُوح سے پُوچھا، ”تیرا نام کیا ہے؟“
اُس نے جَواب دیا، ”میرا نام لشکر ہے، کیونکہ ہماری تعداد بہت زِیادہ ہے۔“ 10بدرُوح نے آپ کی مِنّت کی کہ ہمیں اِس علاقہ سے باہر نہ بھیج۔
11وہیں پہاڑی کے پاس سُؤروں کا ایک بڑا غول چَر رہاتھا۔ 12بدرُوحیں آپ سے مِنّت کرنے لگیں، ”ہمیں اُن سُؤروں، میں بھیج دیجئے؛ تاکہ ہم اُن میں داخل ہو جایٔیں۔“ 13چنانچہ آپ کی اِجازت سے، بدرُوحیں اُس آدمی میں سے نکل کر سُؤروں میں داخل ہو گئیں۔ اَور اُس غول، کے سارے سُؤر جِن کی تعداد تقریباً دو ہزار تھی، ڈھلان سے جھیل کی طرف لپکے اَور پانی میں گِر کر ڈُوب مَرے۔
14سُؤر چَرانے والے وہاں سے بھاگ کھڑے ہویٔے اَور اُنہُوں نے شہر اَور دیہات میں، اِس بات کی خبر پہُنچائی لوگ یہ ماجرا دیکھنے کے لیٔے دَوڑے چلے آئے۔ 15جَب لوگ یِسوعؔ کے پاس پہُنچے اَور اُس آدمی کو جِس میں بدرُوحوں کا لشکر تھا، اُسے کپڑے پہنے ہویٔے، ہوش کی حالت میں؛ بیٹھے دیکھا تو بہت خوفزدہ ہویٔے۔ 16جنہوں نے یہ واقعہ دیکھا تھا اُنہُوں نے بدرُوحوں والے آدمی کا حال اَور سُؤروں کا تمام ماجرا اُن سے بَیان کیا۔ 17لوگ یِسوعؔ کی مِنّت کرنے لگے کہ آپ ہمارے علاقہ سے باہر چلے جایٔیں۔
18آپ کشتی میں، سوار ہونے لگے تو وہ آدمی جو پہلے بدرُوحوں کے قبضہ میں تھا، یِسوعؔ سے مِنّت کی کہ مُجھے بھی اَپنے ساتھ لے چلئے۔ 19آپ نے اُسے اِجازت نہ دی، بَلکہ اُس سے کہا، ”گھرجاکر اَپنے لوگوں کو بتاؤ کہ خُداوؔند نے تمہارے لیٔے اِتنے بڑے کام کیٔے، اَور تُم پر رحم کیا ہے۔“ 20پس وہ آدمی گیا اَور دِکَپُلِسؔ میں اِس بات کا چَرچا کرنے لگا یِسوعؔ نے اُس کے لیٔے کیسے بڑے کام کیٔے اَور سَب لوگ تعجُّب کرتے تھے۔
کہانی کو اپنے الفظ میں بیان کرنے کے لئے تھوڑا وقت لیں۔ آپ اُسے بلند آواز میں دہرائیں یا اُسے لکھیں۔ اگر آپ کو یاد کرنے میں مشکل پیش آئے تو پھر کہانی کو دوبارہ پڑھیں یا پھر سنیں۔
جب آپ کو یہ محسوس ہو کہ آپ اس کہانی سے پورے طور پر واقف ہوگئے ہیں تو پھر تھوڑا مزید وقت لیں اور مندرجہ سوالات کی بارے میں سوچیں۔
Get Discovery Bible Studies on your phone
Discover copyright ©2015-2025 discoverapp.org
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس. حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc. کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔ Holy Bible. Urdu Contemporary Version™ Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Used with permission. All rights reserved worldwide.