دریافت

مطالعہ 4

انسان کا زوال: نوح کا طوفان

درس-۱۔ کہانی پڑھو

مندرجہ ذیل حوالہ پڑھیں یا سنیں

x1.0

سیلاب

6:1جَب رُوئے زمین پر اِنسانوں کی تعداد بڑھنے لگی اَور اُن کے بیٹیاں پیدا ہُوئیں، 2تو خُدا کے بیٹوں نے دیکھا کہ آدمیوں کی بیٹیاں خُوبصورت ہیں، اَور اُنہُوں نے جِن جِن کو چُنا اُن سے شادی کرلی۔ 3تَب یَاہوِہ نے فرمایا، ”میری رُوح اِنسان کے ساتھ ہمیشہ مزاحمت نہ کرتی رہے گی کیونکہ وہ فانی ہے۔ اُس کی عمر ایک سَو بیس بَرس کی ہوگی۔“

4اُن دِنوں میں زمین پر بڑے قدآور اَور مضبُوط لوگ مَوجُود تھے بَلکہ بعد میں بھی تھے، جَب خُدا کے بیٹے اِنسانوں کی بیٹیوں کے پاس گیٔے اَور اُن سے اَولاد پیدا ہُوئی۔ یہ قدیم زمانہ کے سُورما اَور بڑے نامور لوگ تھے۔

5یَاہوِہ نے دیکھا کہ زمین پر اِنسان کی بدی بہت بڑھ گئی ہے، اَور اِنسانی دِل کے خیالات ہمیشہ بدی کی طرف مائل رہتے ہیں۔ 6یَاہوِہ کو افسوس ہُوا کہ اُنہُوں نے زمین پر اِنسان کو پیدا کیا اَور اُن کا دِل غم سے بھر گیا۔ 7چنانچہ یَاہوِہ نے فرمایا، ”مَیں اِنسان کو جسے مَیں نے پیدا کیا، رُوئے زمین پر سے مٹا دُوں گا بَلکہ سَب کو خواہ وہ اِنسان ہُوں یا جانور؛ خواہ وہ زمین پر رینگنے والے جانور ہُوں اَور ہَوا کے پرندے۔ مُجھے افسوس ہے کہ مَیں نے اُنہیں بنایا۔“ 8لیکن نوحؔا یَاہوِہ کی نظر میں مقبُول ہُوا۔

نوحؔا اَور سیلاب

9نوحؔا کے خاندانی حالات یُوں ہیں:


نوحؔا راستباز اِنسان تھا اَور اَپنے زمانہ کے لوگوں میں بے عیب تھا اَور وہ خُدا کے ساتھ ساتھ وفاداری سے چلتا تھا۔ 10نوحؔا کے تین بیٹے تھے: شِمؔ، حامؔ اَور یافیتؔ۔

11اَب زمین خُدا کی نگاہ میں بگڑ چُکی تھی اَور ظُلم و تشدّد سے بھری ہُوئی تھی۔ 12خُدا نے دیکھا کہ زمین بہت بگڑ چُکی ہے، کیونکہ زمین پر سَب لوگوں نے اَپنے ضوابط بِگاڑ لیٔے تھے۔ 13چنانچہ خُدا نے نوحؔا سے فرمایا، ”مَیں سَب لوگوں کا خاتِمہ کرنے کو ہُوں، کیونکہ زمین اُن کی وجہ سے ظُلم سے بھر گئی ہے۔ اِس لیٔے مَیں یقیناً نَوع اِنسان اَور زمین دونوں کو تباہ کر ڈالوں گا۔ 14لہٰذا تُم صنوبر کی لکڑی کا ایک جہاز بناؤ؛ اُس میں کمرے بنانا اَور اُسے اَندر اَور باہر سے رال سے پوت دینا۔ 15تُم اَیسا کرنا کہ جہاز کی تین سَو ہاتھ لمبائی، پچاس ہاتھ چوڑائی اَور تیس ہاتھ اُونچائی ہو۔ 16جہاز کی چھت سے لے کر ہاتھ بھر نیچے تک روشندان بنانا۔ جہاز کے اَندر تین درجے بنانا نِچلا، درمیانی اَور بالائی، اَور جہاز کا دروازہ جہاز کے پہلو میں رکھنا۔ 17دیکھو مَیں زمین پر سیلابی پانی لانے والا ہُوں تاکہ آسمان کے نیچے کا ہر جاندار یعنی ہر وہ مخلُوق جِس میں زندگی کا دَم ہے، ہلاک ہو جائے۔ سَب جو رُوئے زمین پر ہیں، مَر جایٔیں گے۔ 18لیکن تمہارے ساتھ مَیں اَپنا عہد باندھوں گا اَور تُم جہاز میں داخل ہوگے۔ تُم اَور تمہارے ساتھ تمہارے بیٹے اَور تمہاری بیوی اَور تمہارے بیٹوں کی بیویاں۔ 19اَور تمہارے تمام حَیوانات میں سے دو دو کو، جو نر اَور مادہ ہُوں، جہاز میں لے آنا تاکہ وہ تمہارے ساتھ زندہ بچ جائیں۔ 20ہر ایک اَپنی اَپنی جنس کے پرندے، جانوروں اَور زمین پر رینگنے والے جانداروں میں سے دو دو اَپنی اَپنی جنس کے تمہارے پاس آئیں تاکہ وہ بھی زندہ بچ جائیں۔ 21اَور تُم ہر طرح کی کھانے والی چیز لے کر اَپنے پاس جمع کر لینا تاکہ وہ تمہارے اَور اُن کے لیٔے خُوراک کا کام دے۔“

22نوحؔا نے ہر کام ٹھیک اُسی طرح کیا جَیسا خُدا نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔

7:1تَب، یَاہوِہ نے نوحؔا سے فرمایا، ”تُم اَپنے پُورے خاندان کے ساتھ جہاز میں چلے جانا کیونکہ مَیں نے اِس پُشت میں تُمہیں ہی راستباز پایا ہے۔ 2تُم تمام پاک جانوروں میں سے سات سات نر، اَور مادہ اَور ناپاک جانوروں میں سے ایک ایک نر اَور مادہ ساتھ لے لینا، 3اَور ہر قِسم کے پرندوں میں سے سات سات نر اَور مادہ بھی لینا، تاکہ اُن کی مُختلف نَسلیں زمین پر باقی رہیں۔ 4مَیں سات دِن کے بعد زمین پر چالیس دِن اَور چالیس رات پانی برساؤں گا، اَور ہر اُس جاندار شَے کو جسے مَیں نے بنایا ہے، مٹا دُوں گا۔“

5اَور نوحؔا نے وہ سَب کیا جِس کا یَاہوِہ نے حُکم دیا تھا۔

6نوحؔا چھ سَو بَرس کے تھے، جَب زمین پر سیلابی پانی آیا۔ 7اَور نوحؔا اَور آپ کے بیٹے اَور آپ کی بیوی اَور آپ کے بیٹوں کی بیویاں سیلابی پانی سے بچنے کے لیٔے جہاز میں داخل ہو گئے۔ 8پاک اَور ناپاک دونوں قِسم کے جانوروں، پرندوں اَور زمین پر رینگنے والے جانوروں کے دو دو، 9نر اَور مادہ، خُدا کے دئیے گیٔے حُکم کے مُطابق نوحؔا کے پاس آئے اَور جہاز میں داخل ہویٔے۔ 10اَور سات دِن کے بعد سیلابی پانی زمین پر آ گیا۔

11جَب نوحؔا کی عمر کے چھ سَوویں بَرس کے دُوسرے مہینے کی سترھویں تاریخ تھی، اُس دِن زمین کے نیچے سے سارے چشمے پھوٹ نکلے اَور آسمانی سیلاب کے دروازے کھُل گیٔے۔ 12اَور زمین پر چالیس دِن اَور چالیس رات لگاتار مینہ برستا رہا۔

13اُسی دِن نوحؔا اَور اُن کی بیوی اَپنے تین بیٹوں، شِمؔ، حامؔ اَور یافیتؔ اَور اُن کی بیویوں سمیت جہاز میں داخل ہویٔے۔ 14اَور ہر جنس کے چُھوٹے بڑے جنگلی جانور، مویشی، زمین پر رینگنے والے جانور، پرندے اَور پروں والے جاندار اُن کے ساتھ تھے۔ 15یہ تمام جوڑے، جِن میں زندگی کا دَم تھا نوحؔا کے پاس آئے اَور جہاز میں داخل ہو گئے۔ 16نوحؔا کو خُدا کے دئیے گیٔے حُکم کے مُطابق، جو جاندار اَندر آئے، وہ نر اَور مادہ تھے۔ تَب یَاہوِہ نے جہاز کا دروازہ بند کر دیا۔

17چالیس دِن تک زمین پر سیلاب جاری رہا اَور جُوں جُوں پانی چڑھتا گیا، جہاز زمین سے اُوپر اُٹھتا چلا گیا۔ 18پانی زمین پر چڑھتا گیا، اَور بہت ہی بڑھ گیا اَور جہاز پانی کی سطح پر تیرتا رہا۔ 19پانی زمین پر اِس قدر چڑھ گیا کہ سارے آسمان کے نیچے کے تمام اُونچے اُونچے پہاڑ ڈُوب گیٔے۔ 20پانی بڑھتے بڑھتے پہاڑوں سے بھی پندرہ ہاتھ اُوپر چڑھ گیا۔ 21زمین پر ہر پرندہ، ہر مویشی، جنگلی جانور اَور ہر اِنسان گویا ہر جاندار فنا ہو گیا۔ 22خُشکی پر کی ہر شَے جِس کے نتھنوں میں زندگی کا دَم تھا مَر گئی۔ 23یَاہوِہ نے رُوئے زمین پر کی ہر جاندار شَے مٹا دی، کیا اِنسان، کیا حَیوان، کیا زمین پر رینگنے والے جاندار اَور کیا ہَوا میں اُڑنے والے پرندے، سَب کے سَب نابود ہو گئے۔ صِرف نوحؔا باقی بچے اَور وہ جو اُن کے ساتھ جہاز میں تھے۔

24اَور سیلابی پانی زمین پر ایک سَو پچاس دِن تک چڑھتا رہا۔

8:1لیکن خُدا نے نوحؔا اَور تمام جنگلی جانوروں اَور مویشیوں کو، جو اُن کے ساتھ جہاز میں تھے یاد رکھا اَور خُدا نے زمین پر ہَوا چلائی اَور پانی کم ہو گیا۔ 2اَب زمین کے نیچے کے چشمے اَور آسمانی سیلاب کے دروازے بند کر دئیے گیٔے، اَور آسمان سے مینہ کا برسنا تھم گیا۔ 3اَور پانی رفتہ رفتہ زمین پر سے ہٹتا گیا اَور ایک سَو پچاس دِن کے بعد بہت کم ہو گیا، 4اَور ساتویں مہینے کے سترھویں دِن جہاز اراراطؔ کے پہاڑوں میں ایک چوٹی پر ٹِک گیا۔ 5دسویں مہینے تک پانی گھٹتا رہا اَور دسویں مہینے کے پہلے دِن پہاڑوں کی چوٹیاں نظر آنے لگیں۔

6چالیس دِن کے بعد نوحؔا نے جہاز کی کھڑکی کو کھول دیا جو اُنہُوں نے بنائی تھی 7اُنہُوں نے ایک کوّے کو باہر اُڑا دیا، جو زمین پر کے پانی کے سُوکھ جانے تک اِدھر اُدھر اُڑتا رہا۔ 8تَب اُنہُوں نے ایک فاختہ کو اُڑایا تاکہ یہ دیکھے کہ زمین پر سے پانی ہٹا ہے یا نہیں۔ 9لیکن اُس فاختہ کو اَپنے پنجے ٹیکنے کو جگہ نہ مِل سکی کیونکہ ابھی تمام رُوئے زمین پر پانی مَوجُود تھا۔ چنانچہ وہ نوحؔا کے پاس جہاز میں لَوٹ آئی۔ تَب اُنہُوں نے اَپنا ہاتھ بڑھا کر اُسے تھام لیا اَور جہاز کے اَندر اَپنے پاس لے آئے۔ 10مزید سات دِن اِنتظار کرنے کے بعد اُنہُوں نے پھر سے اُس فاختہ کو جہاز سے باہر بھیجا۔ 11شام کو جَب وہ فاختہ اُن کے پاس لَوٹی تو اُس کی چونچ میں زَیتُون کی ایک تازہ پتّی تھی! تَب نوحؔا جان گئے کہ پانی زمین پر کم ہو گیا ہے۔ 12وہ سات دِن اَور رُکے اَور فاختہ کو ایک بار پھر اُڑایا لیکن اَب کی بار وہ اُن کے پاس لَوٹ کر نہ آئی۔

13نوحؔا کی عمر کے چھ سَو ایک بَرس کے پہلے مہینے کے پہلے دِن زمین پر مَوجُود پانی سُوکھ گیا۔ تَب نوحؔا نے جہاز کی چھت کھولی اَور دیکھا کہ زمین کی سطح خشک ہو چُکی ہے۔ 14اَور دُوسرے مہینے کے ستّائیسویں دِن تک زمین بالکُل سُوکھ گئی۔

15تَب خُدا نے نوحؔا سے کہا، 16”تُم اَپنی بیوی اَور اَپنے بیٹوں اَور اُن کی بیویوں سمیت جہاز سے باہر نکل آؤ 17اَور اَپنے ساتھ سارے حَیوانات کو بھی نکال لاؤ جو تمہارے ساتھ ہیں یعنی پرندے، جانور اَور زمین پر رینگنے والے سَب جاندار، تاکہ زمین پر اُن کی نَسل خُوب بڑھے، وہ پھُولیں، پھلیں اَور اُن کی تعداد بہت زِیادہ ہو جائے۔“

18چنانچہ نوحؔا اَپنے بیٹوں، اَپنی بیوی اَور اَپنے بیٹوں کی بیویوں سمیت باہر نکلے۔ 19اَور تمام قِسم کے جانور اَور زمین پر رینگنے والے جاندار، سَب پرندے اَور ہر وہ شَے جو زمین پر چلتی پھرتی ہے، اَپنی اَپنی جنس کے مُطابق جہاز سے باہر نکل آئے۔

20تَب نوحؔا نے یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنایا اَور سَب پاک چرندوں اَور پرندوں میں سے چند کو لے کر اُس مذبح پر سوختنی نذر کی قُربانیاں چڑھائیں۔ 21جَب اُن کی فرحت بخش خُوشبو یَاہوِہ تک پہُنچی تو یَاہوِہ نے دِل ہی دِل میں کہا، ”مَیں اِنسان کے سبب سے پھر کبھی زمین پر لعنت نہ بھیجوں گا۔ حالانکہ اُس کے دِل کا ہر خیال بچپن ہی سے بدی کی طرف مائل ہوتاہے، اَور آئندہ کبھی تمام جانداروں کو ہلاک نہ کروں گا جَیسا مَیں نے کیا۔

  22”جَب تک زمین قائِم ہے،
  تَب تک بیج بونے اَور فصل کاٹنے کے اوقات،
  خنکی اَور حرارت،
  گرمی اَور سردی،
  اَور دِن اَور رات،
  کبھی موقُوف نہ ہوں گے۔“

نوحؔا کے ساتھ خُدا کا عہد

9:1پھر خُدا نے نوحؔا اَور اُن کے بیٹوں کو یہ کہہ کر برکت دی، ”پھُولو پھلو اَور تعداد میں بڑھو اَور زمین کو معموُر کرو۔ 2زمین کے تمام حَیوانات اَور ہَوا کے سَب پرندوں پر تمہارا رُعب اَور ڈر چھایا رہے گا، اَور ہر رینگنے والا جاندار اَور سمُندر کی سَب مچھلیاں تمہارے ہاتھ میں دی گئی ہیں۔ 3ہر شَے جو زندہ ہے اَور چلتی پھرتی ہے، تمہاری خُوراک کے لیٔے ہے۔ مَیں نے سبز پَودوں کی طرح تُمہیں سَب کا سَب دے دیا ہے۔

4”لیکن تُم وہ گوشت جِس میں جان کا خُون باقی ہو ہرگز نہ کھانا۔ 5اَور مَیں تمہارے خُون کا بدلہ ضروُر لُوں گا۔ مَیں ہر جانور سے بدلہ لُوں گا۔ ہر ایک اِنسان کے خُون کا بدلہ اِنسان سے لُوں گا۔

  6”جو کویٔی اِنسان کا خُون کرےگا،
    اُس کا خُون اِنسان ہی کے ہاتھوں سے ہوگا؛
  کیونکہ خُدا نے اِنسان کو
    اَپنی صورت پر بنایا۔

7اَور تُم پھُولو، پھلو اَور تعداد میں بڑھو؛ زمین پر اَپنی نَسل بڑھاؤ۔“

8تَب خُدا نے نوحؔا اَور اُن کے بیٹوں سے کہا، 9”اَب مَیں تُم سے اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل سے عہد کرتا ہُوں 10اَور اِس کے علاوہ سَب جانداروں سے جو تمہارے ساتھ ہیں، کیا پرندے، کیا مویشی اَور کیا سَب جنگلی جانور جو تمہارے ساتھ جہاز سے باہر نکلے یعنی زمین پر مَوجُود ہر جاندار سے عہد کرتا ہُوں۔ 11مَیں تُم سے عہد کرتا ہُوں کہ پھر کبھی کویٔی جاندار سیلابی پانی سے ہلاک نہ ہوگا اَور نہ ہی زمین کو تباہ کرنے کے لیٔے پھر کبھی سیلاب آئے گا۔“

12اَور خُدا نے فرمایا، ”اَورجو عہد مَیں اَپنے اَور تمہارے اَور ہر جاندار کے درمیان باندھتا ہُوں جو تمہارے ساتھ ہیں، اَورجو عہد آنے والی پُشتوں کے لیٔے ہے، اُس کا نِشان یہ ہے: 13مَیں نے بادلوں میں اَپنی قوسِ قُزح کو قائِم کیا ہے، اَور وہ میرے اَور زمین کے درمیان عہد کا نِشان ہوگی۔ 14جَب کبھی مَیں زمین پر بادل لاؤں اَور اُن بادلوں میں قوسِ قُزح دِکھائی دے، 15تو مَیں اَپنے اِس عہد کو یاد کروں گا، جو میرے تمہارے اَور ہر قِسم کے جانداروں کے درمیان ہے، پانی پھر کبھی سیلاب کی شکل اِختیار نہ کرےگا کہ سَب جاندار ہلاک ہو جایٔیں۔ 16جَب کبھی بادلوں میں قوسِ قُزح نموُدار ہوگی، مَیں اُسے دیکھوں گا اَور اِس اَبدی عہد کو یاد کروں گا جو خُدا کے اَور زمین کے سَب طرح کے جانداروں کے درمیان ہے۔“

17پس خُدا نے نوحؔا سے کہا، ”یہ اُس عہد کا نِشان ہے جو مَیں نے اَپنے اَور زمین پر مَوجُود سارے جانداروں کے درمیان قائِم کیا ہے۔“

درس-۲ کہانی کو دوبارہ بیان کریں۔

کہانی کو اپنے الفظ میں بیان کرنے کے لئے تھوڑا وقت لیں۔ آپ اُسے بلند آواز میں دہرائیں یا اُسے لکھیں۔ اگر آپ کو یاد کرنے میں مشکل پیش آئے تو پھر کہانی کو دوبارہ پڑھیں یا پھر سنیں۔

درس۔ ۳۔ کہانی دریافت کریں۔

جب آپ کو یہ محسوس ہو کہ آپ اس کہانی سے پورے طور پر واقف ہوگئے ہیں تو پھر تھوڑا مزید وقت لیں اور مندرجہ سوالات کی بارے میں سوچیں۔


Get it on Google Play
Download on the App Store

Get Discovery Bible Studies on your phone

Discover copyright ©2015-2025 discoverapp.org

اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس. حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc. کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔ Holy Bible. Urdu Contemporary Version™ Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc. Used with permission. All rights reserved worldwide.